اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اتوار کو رام اللہ اور بیرہ پر حملہ کرکے کم سے کم چار روزے دار فلسطینی مسلمانوں کو گرفتار کرلیا۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اتوار کو تین روزے دار فلسطینی مسلمانوں کو الخلیل سے، تین کو نابلس سے ، ایک فلسطینی مسلمان کو بیت لحم کے شمال میں واقع عائدہ کیمپ سے اور ایک کو بیت المقدس سے گرفتارکیا ہے۔
فلسطین کے قیدیوں کی امور کے ذرائع کے مطابق صیہونی فوجیوں نے دو دن میں مجموعی طور پر اکیس روزے دار فلسطینی مسلمانوں کو گرفتار کیا ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی کابینہ نے غرب اردن میں غیر قانونی صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے لئے مزید اٹھارہ ملین ڈالر کی رقم مخصوص کی ہے۔ غاصب صیہونی حکومت نے نئی غیر قانونی صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے لئے یہ رقم ایسے عالم میں مخصوص کی ہے کہ اس کا غیر قانونی کالونیوں کی تعمیر کا منصوبہ مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
صیہونی حکومت کے اس غیر قانونی اور جارحانہ منصوبے کی مخالفت حتی مغربی ملکوں نے بھی کی ہے۔ لیکن غاصب صیہونی حکومت نے کسی بھی اعتراض اور مخالفت کو خاطر میں لائے بغیر فلسطینیوں کی زمین پر غیر قانونی صیہونی کالونیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔
فلسطین سے موصولہ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تنظیم آزادی فلسطین کی مجلس عاملہ کے رکن واصل ابویوسف نے غرب اردن میں صیہونی پیشواؤں کی انجمن کے صدر شلومو ملمید کی اس اپیل کی مذمت کی ہے کہ فلسطینیوں کے پینے کے پانی میں زہر ملا دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ فلسطینیوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کرنے کے لئے صیہونیوں کی ایک اور انسانیت سوز چال ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲